اُڈپی:یکم فروری (ایس او نیوز) اُڈپی علاقے کے کراولی سرکل پر 2آٹوڈرائیور وں کو چھرا گھونپنے کے نتیجے میں ایک ہلاک اوردوسرا شدید زخمی ہونے اور اسی رات اُڈپی کے مقام بندوبیٹو کی مسجد پر دیر رات پتھراؤ کرکے مسجد کو نقصان پہنچائے گئے دونوں معاملات میں پولس نے غیر معمولی پیش رفت کرتے ہوئے پندو جاگرن ویدیکے کے کارکن کو گرفتار کرلیا ہے۔
مصدقہ ذرائع سےپتہ چلاہے کہ ملزم کی شناخت منگلورو کے کومپالا کا انکیت پجاری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ جس کی عمر 26سے 29سال کے درمیان بتائی جارہی ہے۔ بتایا جارہاہے کہ ملزم انکیت کراولی سرکل پر جرم کو انجام دینے کے بعداسی رات اپنے سسرال پندوبیٹو آیا ہواتھا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ انکیت پجاری ، ہندو جاگرن ویدیکے وٹلا یونٹ کا ممبر ہےاور وٹلا میں کئی فرقہ وارانہ فسادات میں ملزم ماناگیا ہے۔
29جنوری کی رات کو کراولی سرکل پر اس نے رکشہ ڈائیورحنیف (۵۴ سال) اور شبیر پر قاتلانہ حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں حنیف ہلاک ہوگیا تو شبیر شدید زخمی ہوکر اسپتال میں زیر علاج ہے۔ قاتلانہ حملہ کی واردات کو انجام دینے کے بعد ملزم پندوبیٹو روانہ ہوا، جہاں اس نے راستے سے گزرتے ہوئے مسجد پر پتھراؤ کیا جس کی تصویر مسجد کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی تھی۔ دونوں معاملات کے ملزموں کی گرفتاری کے لئے پولس نے 5ٹیمیں تشکیل دی تھیں، سی سی ٹی وی میں قید تصویروں اور دیگر سراغوں کی بنیاد پر پولس نے ملزم انکیت پجاری کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔